حکومت پنجاب کا چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پائلٹ منصوبہ شروع

 بچوں کو تعلیم سے جوڑنے کیلئے ماہانہ 9 ہزار کی مالی معاونت دی جائے گی
لاہور(زیڈ این این) حکومتِ پنجاب نے چائلڈ لیبر کے خاتمے اور مزدوری کرنے والے بچوں کو دوبارہ تعلیم سے جوڑنے کے لیے نقد رقم دینے والے پائلٹ منصوبے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد بچوں کو محنت مشقت سے نکال کر اسکول اور فنی تربیت کی طرف لانا ہے۔ابتدائی مرحلے میں نو اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر پائلٹ فیز شروع کیا جائے گا، جس کے تحت 2,566 بچوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ بچوں کو تعلیم سے منسلک رکھنے کے لیے کنڈیشنل کیش ٹرانسفر پروگرام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت ہر مستحق بچے کو ماہانہ 9 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔ امداد بچوں کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی اور پہلی قسط منصوبے کے باضابطہ اجرا کے ایک ماہ بعد جاری کی جائے گی۔پائلٹ فیز کے لیے مجموعی طور پر 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، اور منصوبہ یکم اپریل 2026 سے 31 مارچ 2027 تک ایک سال کے لیے نافذ العمل ہوگا۔ بچوں کی نشاندہی اور کیس فالو اپ کے لیے مربوط طریقہ کار اپنایا جائے گا تاکہ امداد شفاف انداز میں مستحق بچوں تک پہنچ سکے۔حکام نے بتایا کہ اگر پائلٹ فیز کامیاب رہا تو اس پروگرام کو مرحلہ وار صوبہ بھر میں توسیع دی جائے گی۔