بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا اعلان

بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا اعلان

بلوچستان میں فنی تعلیم اور نوجوانوں کی بیرون ملک روزگار سے متعلق پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (B-TEVTA) کا 10واں بورڈ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارہ جاتی اصلاحات، مالی نظم و ضبط، کارکردگی میں بہتری اور سالانہ مالی امور سمیت مختلف ایجنڈا نکات کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بیرون ملک بھیجے گئے نوجوانوں کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں (فرمز) کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ہر نوجوان کو سرکاری نوکری دینا ممکن نہیں، اس لیے حکومت کی ترجیح فنی تعلیم اور ہنرمندی (Skills Development) کو فروغ دینا ہے تاکہ نوجوان خودمختار بن سکیں اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، فعال اور مؤثر ادارہ بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اور مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ پروگرامز متعارف کرانے کی ہدایت بھی دی گئی۔اجلاس میں اوورسیز یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بعض نوجوانوں کو بیرون ملک پیش آنے والی مشکلات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شکایات کے فوری ازالے اور نظام میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔مجموعی طور پر اجلاس کا مرکزی نکتہ یہ تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ہنر، عالمی معیار کی تربیت اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے فنی تعلیم کے نظام کو ازسرنو مضبوط اور جدید بنایا جائے۔