کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گورننس کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مؤثر قیادت کی ضرورت ہے تاکہ صوبے میں انتظامی معاملات کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے یہ بات دوسری سینئر مینجمنٹ کورس کے کامیاب ہونے والے افسران کو اسناد دینے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کورس سرکاری افسران کی قائدانہ صلاحیتوں، مہارتوں، اور علم میں اضافے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو کہ سرکاری افسران کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔مراد علی شاہ نے ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ (ٹی ایم آر) ونگ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سرکاری افسران کو جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تزویراتی سوچ اور اختراعی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیانت داری، جوابدہی، اور عوامی خدمت سرکاری افسران کی بنیادی ذمہ داریاں ہیں اور ان کو اپنی خدمات میں ایمانداری اور لگن کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سندھ میں سول سروسز اکیڈمی کے قیام کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سرکاری افسران کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی اور بدلتی سماجی توقعات کے ساتھ گورننس کے تقاضے بھی بڑھ رہے ہیں، جس کے لیے سرکاری ملازمین کو مسائل حل کرنے کی مہارتیں حاصل کرنی ہوں گی۔تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے کامیاب افسران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مؤثر اور شفاف طرز حکمرانی کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں گے، جس سے سندھ کی ترقی میں مزید بہتری آئے گی۔