دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے:شہبازشریف
میرے پاس ایک اچھی خبر ہے، کچھ روز قبل مجھے بہترین دوست چین سے پیغام ملا وہ و فد پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہے تاکہ سمندر کے نیچے جو قدرتی وسائل موجود ہیں ان کی تلاش کے حوالے سے کام کیا جاسکے
ہمیں اپنے حقیقی کام پر توجہ دینی ہے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے،کراچی پورٹ ٹرسٹ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیز ترین لوڈنگ اور ان لوڈنگ پر توجہ دینا ہوگی :میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب
لاہور (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان دہشتگردی کی وجہ سے بھاری قیمت ادا کر رہا ہے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہمارا عزم پختہ ہے۔پاکستانی نیوی وار کالج لاہور ساتویں میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاک بحریہ کے بہادر افسر اور جوان پاکستان کی سمندری حدود کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں، پاکستان نیوی پہلے ہی ہمارے پوٹیشنل کو ایکسپلور کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ میرے پاس ایک اچھی خبر ہے، کچھ روز قبل مجھے بہترین دوست چین سے ایک پیغام ملا کہ وہ ایک اور وفد پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے، تاکہ سمندر کے نیچے جو قدرتی وسائل موجود ہیں، ان کی تلاش کے حوالے سے کام کیا جاسکے۔ ا نہوںنے کہا کہ نیول چیف، یہ وقت ہے کہ ہم اس پر توجہ کو مرکوز کریں اور میں اس کے لئے تمام قسم کی معاونت فراہم کرنے پر تیار ہوں کیونکہ بلیو اکانومی سے ہماری ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گوادر بندرگاہ ایک مرکزی حیثیت رکھتی ہے، اسے بہترین کمرشل بندرگارہ بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سکلز اور جہاز سازی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ا نہوںنے کہا کہ بدقسمتی سے اس مقصد کو توسیع نہیں دی جاسکی اور ہم سب کو اس کی وجوہات کا علم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ 2018 میں ہم نے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا تھا، 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے اور ہمیں 30 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا، بدقسمتی سے یہ دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے دوبارہ لڑیں گے، اور ہم اس وقت تک لڑتے رہیں گے جب تک اس کو ختم نہ کردیں۔دریں اثناء زیراعظم شہبازشریف اور جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہواہے ، مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم کو مدارس رجسٹریشن بل پر تحفظات سے آ گاہ کیا۔جے یو آئی (ف) کے مرکزی ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے بل پر تمام تحفظات کودور کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت متفقہ بل کو متنازع بنانے سے گریز کرے، ہم اپنے موقف پر قائم ہیں اور مدارس کی آزادی اور حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔