بجٹ پر پیپلز پارٹی، اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور

 تمام فیصلے اتحادی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیے گئے 
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ پر اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بیان میں اتحادی جماعتوں خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکس کے معاملے پر تمام فریقین سے بات چیت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ سروسز پر ٹیکس کا اختیار بدستور صوبوں کے پاس رہے گا، سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا ابتدائی فیصلہ عوام پر اضافی بوجھ تھا، افہام و تفہیم سے اب یہ شرح کم کرکے 10 فیصد کر دی گئی ہے، یہ تمام فیصلے اتحادی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تنخواہوں میں 6 فیصد اضافے کی تجویز کو بڑھا کر 10 فیصد تک کر دیا گیا، پی ایس ڈی پی کے حوالے سے سندھ کی جانب سے جو مطالبات سامنے آئے انہیں سنا گیا اور اے پی سی سی میں سندھ کی یونی ورسٹیوں کا بجٹ ابتدائی 2.6 ارب روپے سے بڑھا کر دوبارہ 4.7 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔