پی ٹی آئی رہنمائوں کی عمران خان سے ملاقات نہ ہوسکی

عمر ایوب ، جنید اکبر ،کنول شوذب ودیگر رہنما 2گھنٹے انتظارکرتے رہے 
بارش میں ہم کھڑے رہے موسم بھی خراب لیکن ملنے نہیں دیا گیا، عمرایوب 
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ ) سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا اور پی ٹی آئی رہنمائوں کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہو سکی۔ رہنما دو گھنٹے تک انتظار کے بعد جیل سے واپس چلے گئے۔ اڈیالہ جیل آنے والوں میں عمر ایوب ،جنید اکبر،خیبر پختونخوا کے دو وزرا سہیل آفریدی ، عاقب اللہ ایم این اے ڈاکٹر امجد علی خان ، کنول شوذب، تیمور جھگڑا شامل تھے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ایک گھنٹہ اڈیالہ جیل کے باہر کھڑے رہے ، ملاقات نہیں کرائی گئی۔ہماری ملاقات عدالتی احکامات پر ہونی تھی۔بانی پی ٹی آئی نے مجھ سمیت چھ پارٹی رہنما ئوں کے نام خود دیئے تھے۔اڈیالہ جیل انتظامیہ نے ہمیں ملنے نہیں دیا۔موسم خراب تھا بارش میں ہم کھڑے رہے ، ملنے نہیں دیا گیا۔میں نے چیف جسٹس سے گلہ کیا تھا آپ کے نیچے عدالتوں کا کوئی سر پیر نہیں۔ماتحت عدالتیں لمبی تاریخیں دے رہی ہیں۔