وفاقی وزراء، کابینہ ارکان کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ خود لوں گا، وزیراعظم

وفاقی وزراء، کابینہ ارکان کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ خود لوں گا، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا اور کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا خود جائزہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں خاطر خواہ کمی آئی ہے اور معاشی اعشاریے بہتر ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے نئے ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا، جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام وزرا کا انتخاب ان کی صلاحیتوں اور قابلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے جواب دہ ہیں، اس لیے ہمیں اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانا ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ ایک سال کے عرصے میں مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، زرِ مبادلہ کے ذخائر اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دیگر معاشی اعشاریے بھی بہتر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں مزید بہتری کے لیے انتھک محنت جاری رکھنی ہوگی۔

وفاقی کابینہ کے ارکان نے ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ شرکا نے حالیہ معاشی بہتری پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔گزشتہ روز 13 وزرا، 11 وزرائے مملکت اور 3 مشیروں نے حلف اٹھایا تھا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں کابینہ کے نئے ارکان سے حلف لیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔ نئے ارکان کے شامل ہونے سے وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔

پیپلز پارٹی کی تنقید
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ میں توسیع پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف وزرا کی فوج بھرتی کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف غریب ملازمین سے روزگار چھینا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری کیا صرف غریب ملازمین کے لیے ہے؟ جنہیں بے روزگار کر کے ان کے چولہے بند کیے جا رہے ہیں۔