اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں واضح کیا ہے کہ حکومت کی کارکردگی جانچنے کے لیے ہر دو ماہ بعد تمام وزارتوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور جس وزارت کی کارکردگی خراب پائی گئی اس کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اب ایک مؤثر اور متحرک ادارہ بن چکا ہے۔ حالیہ بارشوں کے تناظر میں NDMA حکام سے تفصیلی میٹنگ کی گئی، جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور آزاد کشمیر انتظامیہ کی جانب سے بروقت اور بہتر انتظامات کو سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے، سوات میں پیش آنے والا دلخراش واقعہ ہمارے لیے سبق ہے، آئندہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے مؤثر اور بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے پر چاروں صوبوں کی مشترکہ میٹنگ بلائی جائے گی تاکہ جامع حکمت عملی تیار کی جا سکے۔وزیر اعظم نے اسٹاک مارکیٹ کی مثبت کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، جو ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا مقصد ملکی معیشت کو مستحکم کرنا اور گورننس کو بہتر بنانا ہے، جس میں شفافیت اور احتساب کو بنیادی اصول بنایا جائے گا۔