پرویز خٹک کو مشیر بنانے پر اختیار ولی پارٹی قیادت سے ناراض

پرویز خٹک کو مشیر بنانے پر اختیار ولی پارٹی قیادت سے ناراض

پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دورِ حکومت میں وزیر دفاع رہنے والے پرویز خٹک کو وزیراعظم کا مشیر بنانے کے فیصلے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی نے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

اختیار ولی نے اپنی ناراضی سوشل میڈیا پر ظاہر کرتے ہوئے پارٹی قیادت پر برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے تین اہم عہدوں سے مستعفی ہونے پر مشاورت شروع کر دی ہے، جن میں صوبائی ایڈیشنل سیکریٹری، چیف کوآرڈینیٹر یوتھ اور ممبر سی ای سی شامل ہیں۔اختیار ولی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی کے مرکزی عہدیداروں سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور انہیں کسی عہدے یا وزارت کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی موجودہ پوزیشن پر پارٹی قیادت کو خود غور کرنا چاہیے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا، "سیاست ہمیشہ مفاہمت اور مصلحت کا شکار رہی ہے، لیکن مصلحت میں اپنی شناخت کو نہیں کھونا چاہیے۔"یہ امر قابل ذکر ہے کہ اختیار ولی اور پرویز خٹک ایک دوسرے کے دیرینہ سیاسی حریف رہے ہیں اور کئی مرتبہ انتخابات میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکے ہیں۔