معاملہ کابینہ اور پارلیمنٹ میں اٹھایا جائیگا، کرکٹ بورڈ بورڈ برسوں سے بغیر چیک کام کر رہا ہے
پیشہ وارانہ سطح کی کرکٹ پر خرچ کی جانے والی رقم کو پبلک کیا جانا چاہیے:مشیر سیاسی امور کی نجی ٹی وی سے گفتگو
لاہور (آئی این پی )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ممکنہ جانچ پڑتال کا اشارہ دیتے ہوئے اس معاملے کو کابینہ اور پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا جائے گا۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم ذاتی طور پر نوٹس لیں گے اور ہم ان سے کرکٹ سے متعلق ان مسائل کو کابینہ اور پارلیمنٹ میں اٹھانے کا بھی کہیں گے۔ رانا ثنا اللہ نے پی سی بی کی صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ برسوں سے بغیر چیک کیے کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ "یہ صرف ایک چیئرمین کی تقرری کے بارے میں نہیں ہے۔ پچھلے پانچ دس سالوں پر ایک نظر ڈالیں اور دیکھیں کہ کیا ہو رہا ہے۔وزیر اعظم کے معاون نے کرکٹ بورڈ کے اندر مالی بدانتظامی اور احتساب کے فقدان پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ سطح کی کرکٹ پر خرچ کی جانے والی رقم کو پبلک کیا جانا چاہیے۔