اپوزیشن کے رویوں کی وجہ سے ان کا نقصان ہورہاہے، ہمیں افسوس ہے بانی کی بہنوں کو نظربند کرنا پڑا‘ سب کے علم میں ہے سوشل میڈیا مافیا کس قسم کی گفتگو کرتارہاہے
صوبائی اورمرکزی حکومت کی ایک پالیسی نہ ہوئی تو ملک کے وجود کوخطرہ ہے،بھارت اب پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ نہیں لڑ سکتا، پورا خطہ پاکستان کو سکیورٹی پرووائیڈر کے طور پر دیکھ رہاہے
اسلا م آباد(آئی این پی )وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے عمران خان جب وزیراعظم تھے تو انہوں نے اپوزیشن لیڈر کو فون تک نہیں کیا، موجودہ وزیراعظم جب بھی ایوان آتے ہیں، اپوزیشن لیڈرسے ہاتھ ملاتے ہیں، اپوزیشن کے اپنے رویوں کی وجہ سے ان کا نقصان ہورہاہے،پی ٹی آئی اگر اب بھی اپنا آئینی وقانونی کردار نبھائے تو سوچا جاسکتاہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں خود افسوس ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو نظربند کرنا پڑا، سب کو معلوم ہے کہ وہ لانگ مارچ سے متعلق کیا گفتگو کیا کرتی تھیں، عمران خان کی بہنوں نے بیانات دئیے کہ گورنرہائو س پرچڑھائی کردو، صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے نظربندی مجبوری تھی۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ سب کے علم میں ہے کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا مافیا کس قسم کی گفتگو کرتارہاہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر وہ آئینی و قانون کردار ادا کرنے پر رضا مند ہوجاتے تو عبوری نظام کی ضرورت ہی نہیں تھی، ابھی بھی پی ٹی آئی اپنا آئینی وقانونی کردار نبھائے تو سوچا جاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا فوری طور پر قلع قمع نہ کیاگیا، دہشتگردی کیخلاف قوم متحدہ نہ ہوئی،صوبائی اورمرکزی حکومت کی ایک پالیسی نہ ہوئی تو ملک کے وجود کوخطرہ ہے۔بھارت اب پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ نہیں لڑ سکتا، بھارت نے اپنے ٹھکانے افغانستان میں جما لئے اور پیسے دے کردہشتگردی کروارہاہے جبکہ پورا خطہ پاکستان کو سیکیورٹی پرووائیڈر کے طور پر دیکھ رہاہے۔