جیف بیزوس نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنی منگیتر لورین سانچیز کے ساتھ 28 دسمبر کو ریاست کولوراڈو کے شہر ایسپن میں شادی کرنے والے ہیں اور اس شادی کے انتظامات پر 600 ملین ڈالرز خرچ کیے گئے ہیں۔
یہ خبر شائع ہوتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر امریکا کے امیر ترین افراد میں شامل بل آکمین نے سوال کیا کہ اتنے بڑے خرچے پر شادی کرنا صرف اسی صورت میں سمجھ میں آئے گا جب ہر مہمان کو تحفے میں ایک گھر دیا جائے۔جیف بیزوس نے بل آکمین کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈیلی میل کی رپورٹ کی تردید کی اور کہا کہ میڈیا کو کسی بھی قسم کی معلومات شائع کرنے سے پہلے ان کی تصدیق کرنی چاہیے۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ اس خبر میں دی گئی تمام تفصیلات درست نہیں ہیں اور ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ جیف بیزوس نے جنوری 2019 میں اپنی 25 سالہ شریک حیات سے طلاق کے بعد 2023 میں امریکی صحافی لورین سانچیز سے منگنی کی تھی۔