کراچی: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اپنی بیٹی رجا کمال کو اینٹی سروائیکل کینسر ویکسین لگوا کر ویکسین کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کو مسترد کر دیا۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ سروائیکل ویکسین کے بارے میں گمراہ کن پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، اور اپنی بیٹی کو ویکسین لگوا کر یہ ثابت کیا کہ یہ محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے 30 سالہ سیاسی کیریئر میں کبھی اپنی فیملی کو میڈیا پر نہیں لایا، لیکن قوم کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ قدم ضروری تھا۔وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر شخص کا علاج ممکن نہیں، اس لیے بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن پر توجہ دینا لازمی ہے۔ انہوں نے قوم کو بتایا کہ مستقبل میں مزید ویکسینز دستیاب ہوں گی اور انہیں اپنانا قومی ذمہ داری ہے۔سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کینسر ایک موذی مرض ہے جو صرف ایک فرد نہیں بلکہ پورے گھرانے کو متاثر کرتا ہے، اس لیے بچاؤ ہی بہترین حل ہے۔