پنجاب سندھ بارڈر پر تین پولیس کیمپ قائم، اہلکاروں نے پوزیشن سنبھال لی،ڈی پی اورضوان گوندل
لاہور(یواین پی)پنجاب پولیس نے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری شروع کردی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سانحہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد کچے کے علاقے میں بڑے آپریشن کی تیاری شروع کردی گئی ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی پی او رضوان گوندل ماچھکہ پہنچ گئے ہیں۔ڈی پی او رضوان گوندل کے مطابق دریائے سندھ کے کنارے پنجاب اور سندھ کی سرحد پر تین پولیس کیمپ بنائے گئے ہیں، ماچھکہ میں دریائی بچاؤ بند پر مزید 8 پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں، پولیس کی نقل و حرکت، دریائی علاقوں تک رسائی کیلئے سولنگ بنائی جارہی ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ پولیس کیمپس کو سولر پر منتقل کرکے فریزر، واٹر فلٹریشن پلانٹس فراہم کردئیے گئے ہیں، ڈاکوؤں سے مقابلے کیلئے موسمی صورتحال کے پیش نظر واٹر پروف کیمپس مہیا کر دئیے گئے ہیں۔