لاہورمیں کامیابی کا تناسب 36فیصد،گوجرانوالہ 37.21اورملتان میں 39.53فیصد رہا
لاہور(سپیشل رپورٹر )لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات کے نتائج کااعلان کردیا۔ لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات میں 49ہزار 465امیدواروں نے شرکت کی، جن میں 31ہزار 329امیدوار فیل ہوئے جبکہ صرف 18ہزار 136امیدوار پاس ہوسکے، امتحان میں کامیابی کا تناسب 36فیصد سے زائد رہا۔ گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے دوسرے سالانہ امتحانات میں 34ہزار 895امیدواروںنے شرکت کی۔ کنٹرولرامتحانات گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کے مطابق امتحان میں 21ہزار 911امیدوار فیل جبکہ 12ہزار 985امیدوار کامیاب قرار پائے،امتحانات میں کامیابی کا تناسب 37.21فیصد رہا۔ ملتان تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات میں 16ہزار 774امیدوار شریک ہوئے جن میں سے صرف 6ہزار 630پاس ہوسکے ، امتحان میں کامیاب ہونے والوں کا تناسب 39.53فیصد رہا ۔