غیرمعیاری ایل پی جی کی فروخت:اوگرا کا 5بڑی کمپنیوں کو جرمانہ

   اسلام آباد (آئی این پی )آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے غیر معیاری ایل پی جی فروخت کرنے پر 5بڑی کمپنیوں پرپانچ،5لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ چیئرمین اوگرا مسرور خان کو شکایات موصول ہو ئیں کہ کچھ مشہور کمپنیاں غیر معیاری ایل پی جی فروخت کرکے لوگوں کی جان خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ اوگرا کے قواعد اور ضوابط کی خلاف ورزی پر ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد 5،5 لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔اوگرانے حال ہی میں ملک کے مختلف ایل پی جی پلانٹس کا معائنہ کیا۔ کچھ ایل پی جی پلانٹس جن میں (تیز گیس پرائیوٹ لمیٹڈ، دریا شاہ انرجی پرائیوٹ لمیٹڈ، سائنرجی ریسورسیز پرائیوٹ لمیٹڈ،جمیسٹو انرجی پرائیوٹ لمیٹڈ، عزیز گیس پرائیوٹ لمیٹڈ شامل ہیں، اوگرا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے۔ ان کی فراہم کردہ گیس مقررہ معیار پر پورا نہیں اترتی۔رپورٹ کے پیش نظر اوگرا نے فوری طور پران تمام متعلقہ کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ تحریری طور پر یا ذاتی طور پر اوگرا کے دفتر میں پیش ہو کر اس خلاف ورزی کی وضاحت دیں۔ کمپنیوں کے جوابات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اوگرا نے ان جوابات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر کے خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔