پاکستانی شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ‘ کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے، ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی:اسحاق ڈار

پاکستان حملہ کرے گا تو  دنیا دیکھے گی ترجمان پاک فوج
 ڈرون حملوں میں3شہادتیں،4جوان زخمی ہوئے‘رافیل طیاروں کا ملبہ بھارت نے خود اکٹھا کیا تھا ‘ ڈرونز کا  ہم نے جمع کیا ہے،یہ ایسے ہی ہے 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی، 6 اور 7 مئی کی رات چائے ہم نے خود وہاں بھجوائی 

بھارت کی ننکانہ صاحب پر حملہ کی کوشش ناقابل قبول ہے‘پاکستان میں لوگ اپنے نارمل انداز میں بیٹھے ہیں ، ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق کی فتح ہوگی:ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر‘مشترکہ پریس کانفرنس

اسلام آباد(آن لائن)پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں داخل ہونے والے تمام ڈرونز کو بھی دیکھ لیا گیا تھا اور29ڈرونز کو مار گرایا تاہم ایک ڈرون حملے میں ہمارے4جوان زخمی ہوئے، ڈرون حملوں میں 3 شہریوں کی شہادتیں بھی ہوئی ہیں اور 4 زخمی ہیں۔ رافیل طیاروں کا ملبہ بھارت نے خود اکٹھا کیا تھا مگر ڈرونز کا ملبہ ہم نے جمع کیا ہے، یہ ایسے ہی ہے 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی، 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات کو چائے ہم نے خود وہاں بھجوائی ہے۔ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جو یکسر ناقابل قبول ہے، سوال یہ ہے کہ بھارت مذہبی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے؟ بھارتی میڈیا میں انجنیئرڈ جنگی جنون نظر آرہا ہے لیکن پاکستان میں لوگ اپنے نارمل انداز میں بیٹھے ہیں ، ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق کی فتح ہوگی۔بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعوی سفید جھوٹ ہے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاک افواج دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور جس طرح پاک فضائیہ نے 75 سے 80 بھارتی طیاروں کا مقابلہ کیا، وہ واضح مثال ہے کہ ہم ان کو بھرپور جواب دیں گے۔ بھارت کے کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج الرٹ ہے۔ بھارت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر حملہ کرکے پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان خطرے میں ڈالی۔ یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں 15 مقامات پر حملے کی خبر جھوٹ ہے، مودی سرکار اپنے فائدے کیلئے ڈراما کررہی ہے تاہم جب پاکستان حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائی دے گی، بھارتی میڈیا نہیں بتائے گا لیکن پوری دنیا جان جائے گی۔وزیر خارجہ اسحق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر میڈیا کو بریفنگ دی۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ آدم پور سے 4 میزائل فائر ہوئے، ان میں سے ایک پروجیکٹائل (میزائل) انہوں نے خود امرتسر میں گرایا، باقی 2 بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان میں داخل ہوئے، ان میں سے ایک کو ڈنگہ پر مار گرایا گیا، جس کا فرانزک کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مشرقی سرحد ہماری گہری نظر ہے اور ہر متحرک شے کو مانیٹر کیا جارہا ہے اور اسے گرایا جارہا ہے جب کہ گزشتہ شب اس طرح کے 3 میزائل بھارت نے خود اپنی حدود میں امرتسر میں گرائے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ دعوی سفید جھوٹ ہے کہ پاکستان نے 15 مقامات پر حملہ کیا ہے، کوئی بھی میزائل جب چلایا جاتا ہے تو وہ اپنے ڈیجیٹل نشانات چھوڑتا ہے، اگر 15 مقامات پر حملہ کیا جاتا تو اس کے شواہد ضرور ہوتے۔انہوں نے مزید کہا اگر بھارت نے 15 جگہوں پر میزائل مار گرائے تو پھر وہ اپنے 5 طیاروں کو کیسے نہ بچاسکا، بھارتی حکومت ملکی سطح پر اپنے فائدے کے لیے ڈراما کررہی ہے جس سے اسے گریز کرنا چاہیے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو پھر بھارتی میڈیا کو اس کے بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ دنیا خود ہی جان جائے گی، پاکستان جب حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائی دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں داخل ہونے والے تمام ڈرونز کو بھی دیکھ لیا گیا تھا اور پھر 29 ڈرونز کو مار گرایا تاہم ایک ڈرون کے حملے میں ہمارے 4 جوان زخمی ہوئے، ڈرون حملوں میں 3 شہریوں کی شہادتیں بھی ہوئی ہیں اور 4 زخمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ رافیل طیاروں کا ملبہ بھارت نے خود اکٹھا کیا تھا مگر ڈرونز کا ملبہ ہم نے جمع کیا ہے، یہ ایسے ہی ہے 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی، 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات کو چائے ہم نے خود وہاں بھجوائی ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جو یکسر ناقابل قبول ہے، ہم نے یہ ڈرون بھی مار گرایا، سوال یہ ہے کہ بھارت مذہبی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے؟انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں انجنیئرڈ جنگی جنون نظر آرہا ہے لیکن پاکستان میں لوگ اپنے نارمل انداز میں بیٹھے ہیں کیونکہ ہم جنگ کا تجربہ رکھنے والی قوم ہیں، 20 سال سے ہم فتنہ الخوارج جیسے دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ عوام کھڑے ہیں، کچھ بھی نہیں ہوگا، ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق کی فتح ہوگی۔نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا کہ بھارت کے کئی مسلح ڈرونز نے کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعوی سفید جھوٹ ہے اور اس جھوٹ بولنے کی وجہ نظر آتی ہے، آج جو پاکستان کے اندر اسلام آباد سے کراچی تک دو درجن مقامات پر جو کام کیے ہیں وہ افسوسناک، شرمناک اور قابل مذمت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے گرائے یہ شاید ان سے ہضم نہیں ہورہا، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 5 طیارے گرائے، بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے یہ حرکتیں کررہا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایک کہانی بنائی گئی کہ پاکستان نے کل رات پھر بھارت کے اندر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ہم نے آج کی کارروائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب کے کسی شہری علاقے میں کارروائی نہیں کی اور ایک ذمہ دار ملک کے طور پر ہرممکن اسٹریٹیجک احتیاط کا مظاہرہ کیا۔اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاک افواج دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور جس طرح پاک فضائیہ نے 75 سے 80 بھارتی طیاروں کا مقابلہ کیا، وہ واضح مثال ہے کہ ہم ان کو بھرپور جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 36 گھنٹے پہلے بہت بڑا مقابلہ کیا اور پاکستان کو اللہ نے سرخرو کیا، بھارت کے کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج الرٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر حملہ کرکے پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان خطرے میں ڈالی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پہلگام واقعے پر بھی کہا تھا کہ ثبوت لے آئیں اور شفاف، غیرجانبدار، اور عالمی سطح کی تحقیقات کی جائیں، اگر بھارت کے پاس اپنے دعوے کے ثبوت ہیں تو وہ دنیا کو دکھائے، یہ سب من گھڑت کہانیاں ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کہا کہ آخر کب بھارت اپنے سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں آئے گا، پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کر رہا ہے، گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج بھارت کے ٹوٹل 29 ڈرونز گرائے گئے، جن میں سے صرف ایک اپنے ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکا۔