لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، 150فیڈرز ٹرپ کرگئے

 مال روڈ، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، کینال روڈ، گلبرگ، لبرٹی اور کلمہ چوک کے اطراف میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی ، حبس ختم،موسم کی خوشگوار 
لاہور(آئی این پی )صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہوائوں اور آندھی کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا،موسلا دھار بارش سے150 سے زائد فیڈرزٹرپ کر گئے جس سے بجلی بند ہوگئی ۔لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، کینال روڈ، گلبرگ، لبرٹی اور کلمہ چوک کے اطراف میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی ۔ شہریوں نے موسم کی خوشگوار تبدیلی کا خیر مقدم کیا، تاہم مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔مریدکے اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے کئی روز سے شدید گرمی اور حبس کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، بارش شروع ہونے سے قبل ہی لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔کاہنہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا ، جبکہ بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی بھی بند ہوگئی، گوجرہ میں آندھی کے بعد بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔۔لاہورمیں ہونیوالی موسلا دھار بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہو گیااور لیسکو کے ایک سو پچاس سے زائد فیڈرز پر ٹرپنگ سے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ٹرپنگ کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اوربارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں