’اگر مار نہیں کھانی تو شادی کی تاریخ ہمیشہ یاد رکھو‘، امیتابھ بچن کا شوہروں کو دلچسپ مشورہ

’اگر مار نہیں کھانی تو شادی کی تاریخ ہمیشہ یاد رکھو‘، امیتابھ بچن کا شوہروں کو دلچسپ مشورہ

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے شادی شدہ مردوں کو ایک دلچسپ اور مزاحیہ مشورہ دیا ہے۔

بھارت کے معروف ٹی وی پروگرام کے حالیہ ایپی سوڈ میں، امیتابھ بچن نے ایک امیدوار کی طرف سے اپنی اہلیہ سے متعلق اہم تاریخیں یاد رکھنے پر اس کی تعریف کی، جس کے بعد انہوں نے شوہروں کو تنبیہ کی کہ وہ اپنی شادی کی تاریخ کبھی نہ بھولیں۔امیتابھ بچن نے کہا، "تمام شوہر غور سے سنیں، جس دن آپ کی شادی ہوئی تھی، باقی تمام تاریخیں بھول جائیں، لیکن وہ تاریخ کبھی نہ بھولیں۔ بیویاں اکثر پوچھتی ہیں کہ کیا آپ کو یاد ہے ہماری شادی کب ہوئی تھی؟ اگر شوہر نے غلط تاریخ بتا دی تو جوتے، چپل اور بیلن سمیت کچھ بھی اس کی جانب آ سکتا ہے۔"
اداکار نے اپنی بیوی جیا بچن کے ساتھ اپنی گھریلو زندگی کے تجربات بھی شیئر کیے اور بتایا کہ اگر انہیں کام کی وجہ سے رات کو دیر سے کھانا ہوتا ہے تو وہ پہلے سے ہی اپنے گھر والوں کو اطلاع دے دیتے ہیں تاکہ بعد میں سوالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یاد رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن نے 1973 میں شادی کی تھی اور کئی دہائیوں سے خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔