بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی صحت سے متعلق اہم اپ ڈیٹ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں صحت یابی کے لیے چند روز آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اداکار نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے مداحوں کے لیے پیغام بھی جاری کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنی پوسٹ میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ چند روز تک اپنے خیالات تحریر نہیں کر سکیں گے، کیونکہ انہیں آرام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اداکار نے اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ اس بات پر معذرت خواہ ہیں کہ کچھ دنوں تک اپنی تحریری سرگرمیاں جاری نہیں رکھ پائیں گے۔ تاہم انہوں نے اپنی صحت کی موجودہ صورتحال یا آرام کا مشورہ دیے جانے کی وجہ سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ امیتابھ بچن نے اپنے معروف ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے کا ذکر کیا تھا۔ ان کے مطابق وہ شو کی ریکارڈنگ کے دوران پھسل کر گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کے بائیں گھٹنے پر چوٹ آئی تھی۔اس وقت اداکار نے مداحوں کو یقین دلایا تھا کہ ان کی چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے۔ تاہم اب چند روز آرام کرنے کے مشورے سے متعلق ان کی پوسٹ کے بعد مداح ان کی صحت کے حوالے سے فکر مند ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔