بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور سیاست دان جیا بچن کے شادی اور تعلقات سے متعلق حالیہ بیانات سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں، جنہوں نے صارفین کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ گفتگو میں جیا بچن نے جدید دور کے رشتوں، شادی کے رجحان اور خاندانی نظام میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ اس دوران انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ممکن ہے امیتابھ بچن شادی کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے دیں، تاہم وہ ایسی باتیں سننا پسند نہیں کرتیں۔جیا بچن نے کہا کہ وقت کے ساتھ معاشرتی سوچ میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اب وہ یہ نہیں سمجھتیں کہ شادی ہر انسان کے لیے لازمی ہے۔ انہوں نے اپنی پوتی نویا نندا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ وہ جلد بازی میں شادی کا فیصلہ کرے، بلکہ اپنی زندگی کے فیصلے خود کرے۔اداکارہ نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل پہلے سے زیادہ خودمختار اور سمجھدار ہے، اس لیے وہ انہیں روایتی انداز میں رشتوں یا بچوں کی پرورش کے بارے میں مشورے دینے سے گریز کرتی ہیں۔انہوں نے شادی کے معاشرتی دباؤ پر طنزیہ انداز میں کہا کہ “شادی دہلی کے لڈو جیسی ہے، کھاؤ تو بھی مشکل، نہ کھاؤ تو بھی مشکل”۔ ان کے مطابق ان کے دور میں شادی کے قانونی پہلوؤں کو بھی زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا اور بعض رسمی کارروائیاں بعد میں مکمل کی گئی تھیں۔
جیا بچن نے ہنستے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ اور امیتابھ بچن قانونی طور پر مکمل رجسٹرڈ شادی شدہ نہیں تھے کیونکہ کاغذی کارروائی بعد میں مکمل کی گئی تھی۔اپنے محبت بھرے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وہ پہلی بار امیتابھ بچن سے ملیں تو ان کی شخصیت سے بے حد متاثر ہوئیں۔ یاد رہے کہ دونوں کی شادی 1973 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ابھیشیک بچن اور شویتا بچن ہیں۔ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں اور یہ گفتگو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔