راولپنڈی میں چار سالہ کمسن بچی سے نازیبا حرکات کے مقدمے میں ملوث ملزم عثمان طارق کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتاری کے دوران، ملزم اپنے ہی نیفے سے پستول نکالنے کی کوشش میں گولی چلنے سے زخمی ہوگیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ملزم کو گرفتار کررہی تھی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق، ملزم پر دو روز قبل تھانہ وارث خان کے علاقے محلہ حکمداد میں ایک کمسن بچی سے نازیبا حرکات کا الزام درج کیا گیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم گلی میں جاتی بچی کو پکڑ رہا ہے اور مبینہ طور پر اس کے ساتھ نازیبا حرکات کر رہا ہے۔ بچی نے جان بچا کر بھاگنے کی کوشش کی، مگر ملزم نے اسے دوبارہ پکڑ لیا۔ بعد میں، بچی کے گھر میں داخل ہونے کے دوران، ملزم بھی اندر چلا گیا۔ملزم کی گرفتاری کے بعد، اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ڈی او سی سی ڈی جاوید احمد مرزا کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قانون کے حوالے کیا جائے گا، اور خواتین و بچوں کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ واقعہ کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔