لاہور( خصوصی رپورٹ ) بھاٹی گیٹ کی اپ گریڈیشن کیمنصوبے کا 97 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی تین فیصد کام آئندہ تین روز میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے بھاٹی گیٹ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اطراف کی سڑکوں کی کارپٹنگ مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ پیدل چلنے والوں کے لیے جدید سب وے بھی تعمیر کیا گیا ہے۔سب وے کے ذریعے زائرین اور شہریوں کو سڑک عبور کرنے کے بجائے محفوظ پیدل آمدورفت کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔منصوبے میں زائرین اور عقیدت مندوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے 300 سے زائد گاڑیوں کی گنجائش رکھنے والا پارکنگ ایریا بھی قائم کیا گیا ہے۔دربار حضرت علی ہجویری آنے والے افراد کی سہولت کے لیے مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔بھاٹی گیٹ اور اس سے ملحقہ عمارتوں کی ظاہری حالت بہتر بنانے کے لیے فساڈ ڈویلپمنٹ کا کام بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے تاریخی مقام کے اطراف کی عمارتوں کی بیرونی شکل بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔بھاٹی گیٹ اپگریڈیشن پروجیکٹ میں انڈرپاس، سب وے، سڑکوں کی کارپٹنگ، پارکنگ اور دیگر شہری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔حضرت علی ہجویری انڈرپاس کا افتتاح پہلے ہی کیا جاچکا ہے، جبکہ منصوبے کے باقی ترقیاتی کام بھی اب آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔