سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے میزائل حملوں کی کوشش ناکام بنانے کے دوران ریاض میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ 15 مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب مشرقی شہر الظہران میں تیل کمپنی کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حملے کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ لگ گئی۔سعودی خبر ایجنسی کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد نے الظہران کی جانب داغا گیا حوثی ملیشیا کا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا۔سعودی وزارت توانائی کے مطابق الظہران میں تیل کمپنی کی ایک عمارت کو بھی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جہاں محدود پیمانے پر آگ لگی۔ حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ ریاض میں دو میزائل فضا میں تباہ کیے گئے، تاہم ان کا ملبہ گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے اور 15 مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔حکام کے مطابق میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا، تاہم ملبہ گرنے کے باعث رہائشی املاک متاثر ہوئیں۔ حملوں سے ہونے والے مجموعی نقصان اور واقعے کے دیگر پہلوؤں سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔