پاکستان ہاکی لیگ (پی ایچ ایل) کے باقاعدہ لانچ کا اعلان آج شام 5 بجے کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہاکی کے احیاء کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور میڈیا کاسٹ نے مشترکہ طور پر پاکستان ہاکی لیگ کا منصوبہ تیار کیا ہے۔لیگ میں عالمی شہرت یافتہ ہاکی اسٹارز شرکت کریں گے، جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کا تجربہ حاصل کرنے اور کھیل کی جدید تکنیکیں سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔پاکستان ہاکی لیگ پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور قومی ہاکی کا معیار بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔اس لیگ کے ذریعے پاکستان ہاکی فیڈریشن، کارپوریٹ اسپانسرز اور ٹیم مالکان کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔پاکستان ہاکی لیگ کا بنیادی مقصد قومی کھیل کی بحالی، فروغ اور ترقی کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔