صدر ن لیگ شاہ غلام قادر ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے تحفظات کا اظہار کردیا ، قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

افتخار گیلانی وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد ، آج انتخاب
نئے قائد ایوان کا انتخاب نماز جمعہ کے بعد دو بجے ہوگا،پیپلزپارٹی نے سردار مختار احمد خان کو وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کردیا ، افتخار گیلانی کو ووٹ نہیں دیں گے ،کارکنان اور سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا: شاہ غلام قادر
مظفرآباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بنانے کی منظوری دے دی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔صدر ن لیگ شاہ غلام قادر ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ مسترد کردیا ، آج قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت نہ کرنے کا اعلان ، نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔ کاغذات نامزدگی صبح 9:30 سے 10:30 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ جانچ پڑتال 10:30 سے 10:45 بجے تک ہوگی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست دوپہر 12 بجے آویزاں کی جائے گی اور وزیراعظم کا انتخاب نماز جمعہ کے بعد دو بجے ہوگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے سردار مختار احمد خان کو وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا ،مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے وزیراعظم ہائوس میں اہم مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی، وزیراعظم کے انتخاب، نئی کابینہ کی تشکیل، حکومتی ترجیحات، گڈ گورننس اور حکومتی امور بہتر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں رانا ثناء￿  اللہ، خواجہ سعد رفیق، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر، طارق فاروق، احمد رضا قادری اور بیرسٹر افتخار گیلانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ کی پارلیمانی حکمت عملی اور حکومت سازی کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے پر بھی مشاورت کی گئی۔ جس کے بعد نئے قائد ایوان کے نام کی منظوری دی گئی ،دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کئے جانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ افتخار گیلانی کو ووٹ نہیں دیں گے اور نہ ہی وزیراعظم کے انتخاب کے لئے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے ،پارٹی ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے قابل قبول نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس کے دوران بھی افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا اور اپنا مئوقف واضح طور پر پیش کیا۔شاہ غلام قادر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ دیا ہے، جس کا ہر سطح پر احترام ضروری ہے۔ عوام کی عزت، رائے اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور نواز شریف کے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے بیانیے کو مقدم رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان اور سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔