نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کئے،مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار سردارمختار کو 14وٹ ملے ‘افتخار گیلانی آزادکشمیر کے وزیرتعلیم بھی رہ چکے ہیں
پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے بغیر ادھورے اور نامکمل ہیں، کشمیر میں اسی طرح تبدیلی لائیں گے جیسے پنجاب میں مریم نواز لائی ہیں:وزیراعظم کا اسمبلی سے پہلا خطاب
مظفرآباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے افتخار گیلانی آزادکشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے۔نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان نے 14ووٹ حاصل کیے‘ لیگی رہنما شاہ غلام قادر اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔افتخار گیلانی پہلی بار 2011میں منتخب ہوکر آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پہنچے تھے، افتخار گیلانی آزادکشمیر کے وزیرتعلیم بھی رہ چکے ہیں۔افتخارگیلانی نے حلف اٹھانے کے بعد اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے بغیر ادھورے اور نامکمل ہیں، کشمیر میں اسی طرح تبدیلی لائیں گے جیسے پنجاب میں مریم نواز لائی ہیں‘ وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا شکر گزار ہوں، کشمیر زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے، 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدام اور کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں‘انہوں نے ککہا میرٹ پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں گے، ریکروٹمنٹ کے لئے این ٹی ایس کی طرز پر تھرڈ پارٹی سسٹم متعارف کروائیں گے، ہر شخص کو سرکاری ملازمت نہیں دی جا سکتی، ریاست کو ڈیجیٹل اکانومی کی طرف لے کر جائیں گے، جانتا ہوں آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ نہیں ہے مگر چیزیں بتدریج بہتری کی طرف جائیں گی، محکمہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات لائیں گے، عوامی شکایات کے اندراج کیلئے سیٹیزن پورٹل لانچ کریں گے،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کشمیر کا روشن مستقبل ہماری اگلی منزل ہے۔