فیلڈ مارشل کا دورہ ایران ٹرمپ یا امریکہ کے نمائندے کی حیثیت سے نہیں تھا دفترخارجہ

 کشیدگی  میںکمی کیلئے   سفارتی کوششیں جاری ہیں،مکہ  معاہدے میں شمولیت کیلئے کسی بھی ملک کی درخواست پر سعودیہ اور ترکیے کیساتھ مشورہ کریں گے 
افغانستان میں مداخلت کے الزام کو مستردکرتے ہیں، پاکستان افغانستان کے ساتھ ریاستی سطح پر مذاکرات کیلئے تیار ہے،   سٹریٹجک اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں:ترجمان
اسلام آباد(آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ  طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے  پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور فوجی تعطل کے خاتمے کیلئے  سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران صدرٹرمپ یا امریکا کے نمائندے کی حیثیت سے نہیں تھا،اس حوالے سے دعوی گمراہ کن ہے،  مکہ معاہدے میں شمولیت کیلئے کسی بھی ملک کی درخواست پر سعودیہ اور ترکیے کیساتھ مشورہ کریں گے ،افغانستان میں مداخلت کے الزام کو مستردکرتے ہیں، پاکستان افغانستان کے ساتھ ریاستی سطح پر مذاکرات کیلئے تیار ہے،  افغانستان کو یقینی بنانا ہوگا کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لئے  استعمال نہ ہو،سابق بھارتی سی ڈی ایف کے کیرانہ پہاڑوں پر دعوی بے بنیادہے، تاریخ حقائق سے بنتی ہے،بالی ووڈ انداز کے بیانیے سے نہیں، لڑائی کے بعد جو مکا یاد آئے، وہ اپنے ہی منہ پر مار لینا چاہیے، پاکستان کے سٹریٹجک اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور انکے تحفظ اور سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ان خیالات کااظہار انہوںنے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔ ترجمان طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ موجودہ علاقائی چیلنجز کا پائیدار حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔