پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج طلب

پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج طلب

پنجاب میں سیلاب کی شدت بڑھنے کے باعث دریائے چناب کے قریب واقع دیگر شہروں میں بھی امدادی کارروائیوں کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے خصوصی طور پر لودھراں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں فوج کی مدد طلب کی ہے۔اس سے قبل لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی فوج طلب کی جا چکی ہے۔ پاک فوج کے دستے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام کی حفاظت اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔حکومت پنجاب سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس، ریسکیو اور پولیس 24 گھنٹے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

اس وقت پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تقریباً 9 ہزار سول ڈیفنس رضاکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سول ڈیفنس نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کر رکھے ہیں اور عوام و ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات تک منتقلی میں پیش پیش ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہری ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ نقصان کم سے کم کیا جا سکے۔