گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صوبے میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے باعث اپنا مجوزہ سرکاری دورہ چین منسوخ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر وہ اپنی تمام ملکی و غیر ملکی مصروفیات ختم کر رہے ہیں اور خود سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔گورنر کا کہنا تھا کہ عوام کی مدد، ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی ان کی اولین ترجیح ہے، اور وہ انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت ممکن بنایا جائے۔سردار سلیم حیدر خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔