پنجاب حکومت نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو سروس کو مزید مضبوط بنانے اور جدید آلات سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں حکومت نے 1 ارب 41 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے تاکہ ریسکیو ٹیمیں سیلابی علاقوں میں بہترین صلاحیت کے ساتھ امدادی کام انجام دے سکیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ آلات کی خریداری میں جدید کشتیاں، انفلیٹیبل بوٹس، طاقتور موٹرز، 30 ٹن وزن اٹھانے والے لینڈنگ کرافٹس اور جیٹ اسکی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ واٹر ریسکیو ڈرون، ریموٹ کنٹرول لائف بوائے اور سرویلنس ڈرونز کے ذریعے سیلابی علاقوں کی فضائی نگرانی بھی ممکن ہوگی۔ ریسکیو ٹیموں اور عوام کی حفاظت کے لیے بچوں اور بڑوں کے لیے 40 ہزار لائف جیکٹس خریدنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریسکیو ٹیموں کے لیے ایمفی ٹرک، جیٹ اسکی اور ائیر بوٹس بھی آپریشن کا حصہ ہوں گے تاکہ مشکل حالات میں بروقت اور مؤثر امدادی خدمات فراہم کی جا سکیں۔