چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ رواں سال مون سون کا دورانیہ طویل ہے اور میدانی علاقوں میں بارش جاری ہے۔
متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا انخلاء جاری ہے، جبکہ کرتارپور میں انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مون سون کے پہلے مرحلے میں پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں اور سیلاب سے فصلیں بھی متاثر ہوئیں۔ چناب میں موجود پانی کی مقدار تقریباً 10 لاکھ کیوسک ہے اور 2 سے 3 دنوں میں یہ ریلے اکٹھے ہو کر پنجند میں پہنچ جائیں گے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ انفراسٹرکچر میں کمی کوتاہی کا جائزہ لینا ضروری ہے اور ایری گیشن ڈپارٹمنٹ کو مضبوط بنانے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو کشتیوں کی کمی محسوس ہوئی، نارووال کو آفت زدہ ضلع قرار دیا جائے، اور سیلاب کے باعث کئی مقامات پر سڑکوں کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ کسانوں کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔