لاہور: پنجاب کے وزیر مواصلات و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا ہے کہ صوبے میں سیلاب اور مون سون بارشوں کے باعث اب تک 510 شاہراہیں اور 64 پل متاثر ہوئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مجموعی طور پر ایک ہزار 21 کلومیٹر شاہراہیں سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہوئیں۔ لاہور ڈویژن میں 16 شاہراہوں کے مختلف حصے متاثر ہوئے، تاہم متاثرہ 510 شاہراہوں میں سے 50 سے زائد شاہراہیں بحال کر دی گئی ہیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ جن علاقوں میں پانی موجود ہے، وہاں پانی کم ہونے پر بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب اور بارشوں سے چھوٹے اور بڑے 64 پل بھی متاثر ہوئے، جن میں سے 40 پلوں کی مرمت مکمل کر کے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے جبکہ 24 پلوں پر مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔صوبائی وزیر نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ عام شہریوں کی آمدورفت میں سہولت بحال کی جا سکے۔