عمران خان کے نزدیک سب سے بڑی طاقت روحانی اور اخلاقی، سب سے کمزور جسمانی ہے

عمران خان کے نزدیک سب سے بڑی طاقت روحانی اور اخلاقی، سب سے کمزور جسمانی ہے

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی ایسے ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی جن کے نتائج پہلے سے طے شدہ ہوں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے مزید بتایا کہ عمران خان کا یہ بھی فیصلہ ہے کہ پی ٹی آئی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفا دے گی۔ ان کے بقول، سب سے بڑی طاقت روحانی اور اخلاقی ہے جبکہ جسمانی طاقت سب سے کمزور ہے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین سے ملاقات ان کا قانونی حق ہے کیونکہ وہ ان کے وکیل بھی ہیں، مگر گزشتہ کئی ماہ سے عمران خان کے اہل خانہ اور قانونی ٹیم کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پہلے سے زیادہ منظم اور فعال ہے، لیکن پارٹی کارکنان اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی وجہ سے کمیٹیوں سے علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اس ڈھکوسلے اور مذاق کا مزید حصہ نہ رہیں۔

سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ یہ نظام جھوٹ پر قائم ہے، یہاں ضمنی الیکشن بھی بغیر فارم 47 کے نہیں ہونے دیے جاتے۔ ان کے مطابق، جب تک آزادی میسر ہے وہ آواز بلند کرتے رہیں گے اور اگر قید یا عقوبت خانے میں بھیجا گیا تو حالات کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔