شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں اور دو واٹر باؤزر آپریشن میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق فیکٹری میں آگ کی شدت زیادہ ہے، جس کے باعث فائرفائٹنگ میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ریسکیو ترجمان کے مطابق فیکٹری میں کوئی شخص موجود نہیں ہے، جبکہ جاۓ وقوعہ کے اطراف کی عمارتوں کو خالی کروا دیا گیا ہے۔ فائر فائٹنگ ٹیمیں وئیر ہاؤس کے عقبی حصے سے آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں اور واٹر کارپوریشن سے مزید پانی کے ٹینکر بھی طلب کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ فیکٹری کے اندر موجود افراد کو فوری ریسکیو کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے میئر اور کمشنر کراچی کو ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے اور تحقیقات کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔ذرائع کے مطابق کیمیکل کمپنی نے اپنا تمام مال محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے اور فائر بریگیڈ و ریسکیو ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔