محسن نقوی کی چین کے قومی دن پر مبارکباد، پاک چین سٹریٹجک شراکت داری کو خطے کے استحکام کی بنیاد قرار

محسن نقوی کی چین کے قومی دن پر مبارکباد، پاک چین سٹریٹجک شراکت داری کو خطے کے استحکام کی بنیاد قرار

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں قومی دن پر چینی قیادت، کمیونسٹ پارٹی اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور پاک چین تعلقات کو خطے کے امن، توازن اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چین نے استقامت، اصولوں کی پاسداری اور اجتماعی فلاح کے جذبے سے مختصر مدت میں معاشی استحکام اور پائیدار ترقی حاصل کی ہے، جس سے وہ عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام پر پہنچا ہے۔ انہوں نے چین کی معاشی، سماجی اور عسکری میدان میں غیر معمولی کامیابیوں کو خطے کے استحکام کا ضامن قرار دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین تعلقات تاریخی اور سٹریٹجک بنیادوں پر قائم ہیں، جبکہ سی پیک جیسا منصوبہ اس شراکت داری کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمالیہ کی بلند ترین چوٹیاں اور قراقرم کی سنگلاخ راہیں اس لازوال دوستی کی گواہ ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ چین نے ہر بحران، علاقائی تناؤ اور چیلنج میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مستقل ستون چین کے ساتھ تعلقات ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سے خنجراب تک اور توانائی سے مواصلات تک چین نے پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط بنایا ہے۔آخر میں محسن نقوی نے چینی عوام کی لگن، محنت اور ترقی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کامرانی اور عروج کی دعا کی اور کہا: "پاک چین دوستی زندہ باد۔"