راولپنڈی کے علاقے تھانہ دھمیال کی حدود میں واقع گرجا روڈ کے خان کالونی قبرستان سے ایک خوفناک اور عجیب واقعے کی اطلاع ملی ہے۔
وہاں ایک 7 سالہ بچی علینہ کی قبر کے ساتھ مبینہ چھیڑ چھاڑ کی گئی۔پولیس کے مطابق، گرجا چوکی کے علاقے گلی نمبر 19 کے رہائشی ظفر اقبال نے بیان دیا کہ ان کی بیٹی علینہ 26 اگست کو وفات پا گئی تھی اور اسے خان کالونی قبرستان میں دفن کیا گیا تھا۔ والد کے مطابق، جب وہ صبح فاتحہ خوانی کے لیے قبرستان گئے تو دیکھا کہ قبر کھدی ہوئی ہے اور بیٹی کا کفن قریبی حویلی میں پڑا ہوا تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او دھمیال اور دیگر پولیس افسران فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر ایس پی صدر نبیل کھوکھر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ معاملہ حساس ہے اور والد کے دعوے کی حقیقت جاننے کے لیے قبر کشائی کی اجازت عدالت سے لی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبر کشائی کے بعد ہی اصل صورتحال سامنے آئے گی اور پتہ چل سکے گا کہ واقعی بچی کی قبر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے یا نہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے قریب سے ایک سفید کپڑا برآمد ہوا ہے لیکن تاحال یہ واضح نہیں کیا جا سکتا کہ یہ کفن ہے یا کوئی اور کپڑا۔ ایس پی صدر کے مطابق، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل حقائق منظرِ عام پر لائے جائیں گے۔