کراچی: قائد آباد، لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب نالے سے 7 سے 8 سالہ بچی کی بوری میں بند لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔
پولیس حکام کے مطابق نالے سے برآمد ہونے والی بچی کی لاش بوری میں بند تھی، جبکہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر شناخت اور مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں ایک بچی کی گمشدگی کی رپورٹ پہلے سے درج ہے اور اس حوالے سے مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔ واقعے کی کڑی کو لاپتا بچی کے کیس سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے، تاہم حتمی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔حکام نے لاپتا بچی کے اہلخانہ کو طلب کرلیا ہے تاکہ لاش کی شناخت ممکن بنائی جا سکے۔ شناخت کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ آیا نالے سے ملنے والی لاش اسی لاپتا بچی کی ہے یا نہیں۔
پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ لاش کی حالت اور برآمد ہونے کے مقام کے پیش نظر پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ بچی کی موت کن حالات میں ہوئی اور اسے نالے تک کیسے پہنچایا گیا۔لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد موت کی وجہ سے متعلق مزید معلومات سامنے آسکتی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق بچی کی شناخت اور موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ واقعے میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کے لیے بھی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔