بالی ووڈ کے اداکار گوندا نے اپنی اہلیہ سنیتا آہوجا سے علیحدگی کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "کوئی ہمیں الگ نہیں کر سکتا۔"
اداکار نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران اپنی 40 سالہ شادی شدہ زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔ گوندا نے واضح کیا کہ ان کے اور سنیتا کے درمیان کسی قسم کے اختلافات نہیں، بلکہ دونوں کے درمیان ایک محبت بھرا اور مضبوط رشتہ قائم ہے۔گوندا نے گفتگو کے دوران اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا:"سنیتا بچی کی طرح ہیں، مگر ذمہ داریوں کو بہت خوبصورتی سے نبھایا ہے۔ وہ ایماندار ہیں اور ان کے الفاظ ہمیشہ سچے ہوتے ہیں، البتہ کبھی کبھی وہ ایسی بات کہہ دیتی ہیں جو نہیں کہنی چاہیئے۔ میں نے ہمیشہ انہیں اور اپنے گھر والوں کو معاف کیا ہے۔"انہوں نے کہا کہ رشتوں میں اتار چڑھاؤ آنا فطری بات ہے، لیکن اصل چیز صبر، سمجھداری اور ایک دوسرے کا ساتھ ہے۔
"فیصلے مرد کرتے ہیں، مگر عورتیں جذباتی طور پر پورے خاندان کو جوڑ کر رکھتی ہیں، یہی ذہنی مضبوطی رشتے کو قائم رکھتی ہے۔"گوندا کا کہنا تھا کہ جب کوئی مرد اپنی ماں کا سایہ کھو دیتا ہے، تو بیوی کا جذباتی سہارا اس کے لیے بہت اہم بن جاتا ہے۔اداکار نے اہلیہ کے بارے میں مزید کہا کہ سنیتا خوش مزاج، سمجھدار اور مضبوط شخصیت کی مالک ہیں، جنہوں نے ہمیشہ خاندان کو سنبھالا اور مضبوط بنایا۔