شنگھائی میں کتے پر ٹیٹو بنانے کا واقعہ، شدید تنقید کے بعد مالک معافی مانگنے پر مجبور

شنگھائی میں کتے پر ٹیٹو بنانے کا واقعہ، شدید تنقید کے بعد مالک معافی مانگنے پر مجبور

شنگھائی میں منعقدہ ایشیا پیٹ ایکسپو کے دوران ایک میکسیکن نسل کے کتے کی تصاویر سامنے آئیں جن میں اس کے جسم اور پشت پر بڑے اور نمایاں ڈریگن اور ٹائیگر کے ٹیٹو بنے ہوئے تھے۔

ان تصاویر نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا اور کتے کے مالک کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔چینی شہری نے اپنے کتے پر ٹیٹو بنوانے کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ عمل کسی بھی تکلیف یا بیہوشی کے بغیر کیا گیا اور اس میں کوئی نقصان دہ مشین استعمال نہیں کی گئی۔ اس نے مؤقف اپنایا کہ کتے کے جسم پر بال نہ ہونے کے باعث درد کا احساس کم ہوتا ہے۔تاہم، سوشل میڈیا صارفین نے اسے جانوروں پر ظلم قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا: "کتنا تکلیف دہ منظر ہے، کتے کے چہرے سے خوف صاف ظاہر ہو رہا تھا۔" جبکہ دوسرے صارفین نے کہا کہ کتے کو ایک بےجان شے سمجھ کر استعمال کیا گیا ہے۔شدید تنازعے کے بعد ایکسپو کے منتظمین نے کتے کے مالک کو دوبارہ ایونٹ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ معاملہ بڑھنے پر ٹیٹو بنانے والے آرٹسٹ نے بھی اعتراف کیا کہ اسے بعد میں اس عمل کی سنگینی کا احساس ہوا، جس پر اس نے عوامی طور پر معافی مانگ لی۔