ایران میں پاسداران انقلاب کی کارروائی، موساد کے تربیت یافتہ 13 دہشت گرد مارے گئے

ایران میں پاسداران انقلاب کی کارروائی، موساد کے تربیت یافتہ 13 دہشت گرد مارے گئے

تہران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق یہ دہشت گرد حالیہ دنوں پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ گرفتار افراد سے مزید تحقیقات جاری ہیں جن سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔پاسدارانِ انقلاب گارڈز نے تصدیق کی ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد ان گروہوں سے تعلق رکھتے تھے جو ملک میں دہشت گردی، عدم استحکام اور بدامنی پھیلانے کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ان عسکریت پسندوں کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے تربیت دی گئی تھی اور وہ ایران کے حساس علاقوں میں بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی ایران کی سیکیورٹی فورسز نے جنوب مغربی علاقے میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک اور 2 گرفتار کیے تھے۔ایرانی حکام کے مطابق صوبہ سیستان بلوچستان، جو سرحدی نوعیت کا علاقہ ہے، طویل عرصے سے دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے، تاہم حالیہ کامیاب آپریشنز نے ان کے نیٹ ورکس کو سخت نقصان پہنچایا ہے اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔