وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) پاکستان کی ترقی و خوش حالی کے سفر میں ہمیشہ ایک قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے اور حکومت مستقبل میں بھی اس تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کے روز وزیرِ اعظم ہاؤس میں اے ڈی بی کے صدر کساٹو کانڈا کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، اویس لغاری، حنیف عباسی، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ خوش آئند امر ہے کہ اے ڈی بی پاکستان کے کئی بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے، پبلک ٹرانسپورٹ اور معدنیات کے شعبے ایسے میدان ہیں جن میں پاکستان اور اے ڈی بی مل کر شراکت داری کو مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اے ڈی بی کے ساتھ شراکت داری نہ صرف پاکستان کی معیشت کو سہارا دے گی بلکہ پائیدار ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔
وزیرِ اعظم نے اے ڈی بی کے وفد کو حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی معاشی اصلاحات اور پالیسی اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈا ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔اس موقع پر اے ڈی بی کے صدر کساٹو کانڈا نے جامع اصلاحات پر حکومتِ پاکستان کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اے ڈی بی مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بینک انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید وسعت دے گا۔