پنجاب اور سندھ حکومتوں کے اہم ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک (ایڈبی) کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایڈبی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ملاقات کی اور ترقیاتی شعبوں میں شراکت داری جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی این ڈی نجم شاہ، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وفد میں ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم، پروگرام آفیسر خیام سہیل عباسی، پروجیکٹ آفیسرز حامد خان اور عدنان علی شامل تھے۔اس اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جن میں بی آر ٹی ریڈ لائن، شہری ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، اور موسمیاتی تحفظ کے منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بی آر ٹی ریڈ لائن پر کام دوبارہ شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ سندھ کے عوام کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کا دیرینہ اور قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہونے پر ایڈبی کا شکریہ ادا کیا۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ، پانی، موسمیاتی تحفظ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پائیدار اقدامات جاری رکھیں گے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی ترجیح ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ایڈبی کے وفد کو ریڈ لائن منصوبے کی تمام رکاوٹیں دور کرنے اور کام کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ایڈبی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے سندھ حکومت کے عزم اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اضافی فنڈز فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا اور کہا کہ شہری ٹرانسپورٹ اور دیگر ترقیاتی شعبوں کے لیے ایڈبی کی شراکت داری جاری رہے گی۔