اسحاق ڈار کا ایشیائی ترقیاتی بینک سے ایم ایل ون منصوبے کی فوری فنانسنگ کا مطالبہ

اسحاق ڈار کا ایشیائی ترقیاتی بینک سے ایم ایل ون منصوبے کی فوری فنانسنگ کا مطالبہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بینک کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں پاکستان کے اہم ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص ایم ایل ون ریلوے منصوبے کی جلد منظوری اور مالی معاونت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے دورے کے دوران اے ڈی بی کی وزیٹرز بک پر دستخط کیے اور بینک میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے نشیطہ محسن کو پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ملاقات میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان گزشتہ چھ دہائیوں پر محیط ترقیاتی شراکت داری کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے انفراسٹرکچر، موسمیاتی تبدیلی، علاقائی روابط، توانائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مین لائن ون (ML-1) منصوبہ حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے اس کی جلد منظوری اور فنانسنگ نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے ریلوے نظام کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔

اے ڈی بی حکام نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ بینک ایم ایل ون منصوبے سمیت دیگر ترقیاتی پروگراموں پر پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ حکام کے مطابق ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی بہتری اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ملاقات میں وزیراعظم کی معاون خصوصی اور فلپائن میں پاکستان کی سفیر عاصمہ ربانی بھی موجود تھیں، جبکہ دونوں فریقین نے مستقبل میں بھی باہمی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔