پنجاب میں بھی وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی‘ سیلابی صورتحال کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ذرائع مواصلات اور سڑکوں کی بحالی یقینی بنائی جائے:وزیراعظم کی سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس میں ہدایت
عالمی ادارے اور سرمایہ کار پاکستان کے بڑے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولت دیں گے:جاپانی وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامی اقدامات فوری طور پر اٹھانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری شدید بارشوں اور دریائوں میں سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی۔شہباز شریف نے حکم دیا پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ذرائع مواصلات اور سڑکوں کی بحالی یقینی بنائی جائے، کسی بھی صوبے میں سیلابی صورتحال سے پیدا ہونے والے مسائل کو ملکی سطح پر مکمل ہم اہنگی سے حل کیا جائے گا۔وزیراعظم نے باور کرایا کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظرہر ممکن تعاون فراہم کیا، پنجاب میں بھی وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ پنجاب کے بعد سیلابی ریلوں کی سندھ آمد کی بر وقت پیشگی اطلاع کو یقینی بنایا جائے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان اور جاپان ماضی کی طرح تجارتی و صنعتی تعاون کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں، عالمی ادارے اور سرمایہ کار پاکستان کے بڑے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف سے جاپانی بینک آف انٹرنیشنل کوآپریشن کے ڈائریکٹر جنرل تارو کاٹو نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ معاشی و سفارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولت دیں گے، زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں جاپانی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ عالمی ادارے اور سرمایہ کار پاکستان کے بڑے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، پاکستان سرمایہ کار دوست اور محفوظ ملک بنانے کیلئے پرعزم ہے۔اس موقع پر جاپانی ڈائریکٹر جنرل تارو کاٹو نے حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ کرتے ہوئے پاکستان میں معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔