پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف صوبے میں سیاحت کے فروغ میں ذاتی طور پر خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں، اور آئندہ برسوں میں ٹورازم پنجاب کی معاشی بحالی کا ایک اہم ستون ثابت ہوگا۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ کا آغاز گزشتہ سال کیا گیا تھا، اور حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے جامع اور عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق صوبے کا ٹورازم سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، اور لاہور جلد سیاحت کے حوالے سے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھرے گا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب ٹورازم اتھارٹی قائم کی گئی ہے، جو اس شعبے کی منظم ترقی اور پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ ٹیکسلا، ہڑپہ اور بھیرہ کو ٹورازم ہیریٹیج کا درجہ دیا گیا ہے تاکہ ان تاریخی اور ثقافتی مقامات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف اور سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی مری سے خصوصی وابستگی کے باعث اس علاقے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ اسے ایک بہتر اور جدید سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دی جا سکے۔