ملکی معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے:مریم اورنگزیب

 ملکی معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے:مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے اور حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کر رہا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی میں کمی آئی ہے اور اس کا اثر شرح سود پر بھی پڑے گا۔ ان کے مطابق حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہونے پر کرایوں میں فوری کمی کرائی جاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین اور مشترکہ مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت پنجاب نے اسموگ کے خاتمے کے لیے ایک 10 سالہ منصوبہ بنایا ہے۔

 اس منصوبے کے تحت کسانوں کو سپر سیڈز فراہم کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے اسموگ انڈیکس میں کمی آئی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 9 ماہ سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور صوبے کو پرامن بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ کل پنجاب میں 30 ہزار بچوں کو اسکالرشپس دی گئی ہیں تاکہ تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔