ترکیہ کے شہر ارضروم میں چھٹے ای سی او ٹورازم وزارتی اجلاس میں لاہور کو "ٹورازم کیپٹل 2027ء" قرار دیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ لاہور دنیا کے استقبال کے لیے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اس تاریخی لمحے کو پاکستان اور پنجاب کے لیے فخر کا باعث قرار دیا اور کہا کہ یہ اعزاز لاہور کو ای سی او ٹورازم کیپٹل 2027ء کے طور پر منتخب کرنے پر ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو اس اعزاز سے شاندار تاریخی ورثے، رنگا رنگ ثقافت، اور بے پناہ صلاحیتوں کے ساتھ عالمی سطح پر ایک روشن مرکز کے طور پر پیش کیا جائے گا۔مریم نواز نے ای سی او ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ای سی او کے اعتماد، حمایت، اور تعاون سے لاہور کے حسن کو دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے لاہور کو عالمی ٹورازم کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل ہوگا۔اس فیصلے سے لاہور میں سیاحت کے حوالے سے نئی راہیں کھلیں گی، اور اس شہر کی تاریخی اہمیت اور ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔