یقین ہے کہ طاقتور خواتین ہی مضبوط پنجاب کا مستقبل ہیں, مریم اورنگزیب

یقین ہے کہ طاقتور خواتین ہی مضبوط پنجاب کا مستقبل ہیں, مریم اورنگزیب

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے ویمن انٹرپرینیور پنجاب ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کی معاشی خودمختاری اور تحفظ کو وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ مضبوط اور بااختیار خواتین ہی مضبوط پنجاب کی ضمانت ہیں۔

ایکسپو میں شریک تقریباً 600 خواتین کاروباری شخصیات کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ صرف 600 خواتین نہیں بلکہ 600 گھرانے اور 600 معیشتیں ہیں، جو پنجاب کی معاشی ترقی میں حصہ ڈال رہی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین مختلف شہروں سے جذبے اور کمٹمنٹ کے ساتھ اپنے کاروبار کی نمائش کر رہی ہیں اور یہی ایکسپو کی سب سے بڑی طاقت ہے۔وزیر نے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کردار نگران نہیں بلکہ سہولت کار ہونا چاہیے۔ ایکسپو کے ذریعے خواتین کو عملی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ معاشی طور پر مستحکم ہو سکیں۔انہوں نے بچیوں، بہنوں، بیٹیوں اور ماؤں کے لیے محفوظ پنجاب کے عزم کو دہرایا اور بتایا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے کیمروں، پینک بٹن سسٹم، ای بس سسٹم اور ٹرانسپورٹ میں علیحدہ کمپارٹمنٹس متعارف کرائے گئے ہیں۔ ہراسمنٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔

مزید بتایا گیا کہ خواتین کی فلاح کے لیے صحت، تعلیم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ ورکنگ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ہاسٹلز تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن میں سیف سٹی کے قریب ورکنگ ویمن ہاسٹل بھی شامل ہے۔تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر منصوبوں کی نگرانی خواتین قیادت کر رہی ہیں، اور سکالرشپ و لیپ ٹاپ پروگرامز میں خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔ ڈی ایم پنجاب نے مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم بچیوں کے لیے خصوصی سکالرشپ پروگرام بھی شروع کیا، جس میں بچیوں کی تعداد لڑکوں سے زیادہ رکھی گئی۔اس تقریر میں وزیر نے واضح کیا کہ خواتین کی ترقی، تحفظ اور خودمختاری کے اقدامات پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور اس کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔