پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کی قیادت کی کوششوں کو سراہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ میں سفارت کار بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جو پیچیدہ عالمی تعلقات کو مکالمے، صبر اور افہام و تفہیم کے ذریعے آگے بڑھاتے ہیں۔رضا امیری نے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سمیت پاکستانی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور تجربہ کار سفارت کاروں کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کے مطابق پاکستانی حکام نے مذاکرات سے قبل انتھک محنت کے ذریعے ہم آہنگی پیدا کرنے اور سفارتی عمل کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں سیاسی ارادے اور اصولی عزم کو عملی شکل دینے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں، اور یہی اقدامات کسی بھی سفارتی عمل کو کامیاب بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ایرانی سفیر کے مطابق پاکستان کی یہ سفارتی کوششیں “حقیقی سفارت کاری” کی بہترین مثال ہیں، جو مسلسل خاموش محنت کے ذریعے مکالمے اور امن کے امکانات کو فروغ دیتی ہیں۔
انہوں نے پاکستانی قیادت کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بصیرت پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔